Friday, April 26, 2024

تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات بارے حتمی فیصلہ ایک دو روز میں کرلیا جائیگا، شفقت محمود

تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات بارے حتمی فیصلہ ایک دو روز میں کرلیا جائیگا، شفقت محمود
December 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزارت تعلیم اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے معاملے پر ایک پیج پر نہ آسکے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کہتے ہیں چھٹیوں سے متعلق ایک دو روز میں حتمی فیصلہ کرلیا جائیگا۔ اسموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند نہ کرنے پر لاہور ہائی کورٹ نے جواب طلب کرلیا۔

سردی بڑھ رہی ہے، دھند بھی خوب پڑرہی ہے۔ ایسے میں طلبا و طالبات، والدین اور اساتذہ پوچھ رہے ہیں کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کب ہوں گی لیکن حکومت ہے ابھی تک حتمی فیصلہ نہیں کرپائی۔

وزارت تعلیم نے دسمبر کے آخری ہفتے اور جنوری کے اوائل میں چھٹیوں کی تجویز دی تو این سی او سی نے چھٹیوں کو لیٹ کردیا تاکہ تعلیمی اداروں میں جاری ویکسینیشن مہم کو مکمل کیا جاسکے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کہتے ہیں اس سال موسم سرد ہونے کے باوجود چھٹیاں کم ہوں گی۔

لاہور ہائی کورٹ نے سموگ کے باعث پنجاب میں اسکولوں کو 20 دسمبر سے بند نہ کرنے پر حکومت سے کل تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ لاہور اور سینٹرل پنجاب میں اسموگ کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، اس معاملے کو سادہ نہیں لیا جاسکتا۔