Monday, September 16, 2024

تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں کے داخلے پر پابندی عائد

تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں کے داخلے پر پابندی عائد
January 30, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کو نئی ایڈوائزری جاری کر دی۔ تعلیمی اداروں کی انتظامیہ انٹیلی جنس کا نظام بنائے گی جبکہ تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں کے داخلے پر پابندی بھی ہوگی۔ دوسری جانب تعلیمی اداروں کے سکیورٹی گارڈز کی تربیت مکمل نہ ہوسکی۔ ٹیوٹا پنجاب نے تین سو پچاس کالج سات فروری تک بند کر دیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کو نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ نئی ایڈوائزری کے مطابق تعلیمی اداروں کی انتظامیہ انٹیلی جنس کا نظام بنائے گی۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی منفی مہم کو روکا جائے گا جبکہ منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کی مساجد میں خطبات انتظامیہ کی منظوری سے ہوں گے اور تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ تعلیمی اداروں میں مبلغین کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی اور کسی کی بھی غیرمعمولی سرگرمی پر سکیورٹی اداروں کو آگاہ کیا جائے گا۔ سیکورٹی اداروں کی ہدایات پر پندرہ دن میں عملدرآمد ضروری ہوگا۔ دوسری جانب لاہور بھر کے چھے ہزار تین سو پینسٹھ تعلیمی اداروں کے لیے دس ہزار سے زائد سکیورٹی گارڈز ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں جنہیں یکم فروری تک تربیت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اب تک تین ہزار سکیورٹی گارڈز کی تربیت مکمل ہوسکی ہے۔ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر بند کیے گئے تعلیمی ادارے یکم فروری کو دوبارہ کھل رہے ہیں۔ ادھر سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے صوبے بھر میں سکولوں کے باہر ریڑھیاں کھڑی کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔