Friday, April 19, 2024

تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی ، عمران خان

تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی ، عمران خان
April 4, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔

وزیراعظم عمران خان نے حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بولے تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ ہم تعلیم پر توجہ دے رہے ہیں۔ لوگوں پر سرمایہ کاری کریں گے تو ملک ترقی کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا اصل سکیورٹی تعلیم سے آتی ہے۔ دنیا میں جس قوم نے تعلیم پرتوجہ دی وہ آگے نکل گئی۔ سنگاپور کی ایک یونیورسٹی کا بجٹ پاکستان کی تمام یونیورسٹیز سے زیادہ ہے۔

عمران خان نے کہا ایک وقت میں 700 سال تک دنیا کے سارے سائنسدان مسلمان تھے۔ لوگوں پر سرمایہ کاری سے ملک ترقی کرے گا۔ نوجوانوں کو تعلیم دی تو یہ ملک کو اوپر اٹھا دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا جس مقصد کے لیے پاکستان بنا تھا یہ وہ پاکستان نہیں ہے۔ معاشرہ سب کچھ کہہ سکتا ہے لیکن ناانصافی کا نظام نہیں سہہ سکتا۔ نئے پاکستان کی بنیاد انصاف پر ہو گی۔

https://www.youtube.com/watch?v=U79W6VjgW3w

 عمران خان بولے سمجھ نہیں آتا کہ یونیورسٹی بنا رہے ہیں تو مخالفت کیوں کی جا رہی ہے۔ کسی جگہ پر یونیورسٹی بنتی ہے تو مدد نہیں کر سکتے تو مخالفت بھی نہ کریں۔ پہلے سڑکوں کا افتتاح ہوتا تھا لیکن ہم تعلیم پر توجہ دے رہے ہیں۔ حیدرآباد یونیورسٹی کو ٹیکنیکل بیس یونیورسٹی بنانا ہے۔ نمل یونیورسٹی کا تجربہ حیدرآباد یونیورسٹی میں شیئر کریں گے۔ سوہاوہ میں بھی یونیورسٹی بنا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا مشرف دور میں معاشرے میں عجیب سی چیز آگئی ہے۔ ٹی وی پر پروگرام اردو کا ہوتا ہے لیکن مقرر انگلش بول رہے ہوتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں دیکھو تو بلاول انگریزی میں تقریرکرتا ہے۔ انہوں نے کہا اردو کی بجائے انگریزی لوگوں کی توہین ہے۔ پاکستان کی 95 فیصد عوام کو انگریزی نہیں آتی۔ لوگوں کی جب انگریزی ختم ہوجاتی ہے تو بات کرتے کرتے اردو پر آجاتے ہیں۔

وزیراعظم نے ایم کیو ایم کی تعریفیں بھی کیں۔ کہتے ہیں خالد صدیقی اور فروغ نسیم سے زیادہ نفیس کوئی وزیر نہیں۔ پہلے ایم کیو ایم سے ڈر لگتا تھا، اب لگتا ہے اگلا الیکشن مل کر لڑیں گے۔