Friday, May 17, 2024

تشدد کے واقعات کی ذمہ دار حکومت ہے، بلاول بھٹو زرداری

تشدد کے واقعات کی ذمہ دار حکومت ہے، بلاول بھٹو زرداری
April 19, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تشدد کی سخت مذمت کی ہے، کہتے ہیں تشدد کے واقعات کی ذمہ دار حکومت ہے جو صورتحال سے پر امن طور پر نبٹنے میں ناکام رہی۔

انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا، تشدد کے واقعات میں بشمول پولیس و شہری ضائع ہونیوالی تمام جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، انسانی خون بہانا اور تشدد پر اکسانا کبھی بھی صورتحال کو بہتر نہیں کرسکتا۔ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ تشدد مزید تشدد کو جنم دیتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، سلیکٹڈ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا؟، حکومت ملک میں پیدا ہونے والے چیلنجوں کو پارلیمنٹ میں زیر بحث کیوں نہیں لائی؟۔

بلاول بھٹو بولے کہ پاکستان کے عوام کی جمہوری خواہشات کو دبانے کے لئے نئے نئے عفریت جنم دئیے جا رہے ہیں۔ یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ہم یہ سمجھنے میں ناکام ہوگئے کہ جو مستقل آگ سے کھیلتا ہے وہ خود بھی جل جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ، پاکستان پیپلزپارٹی شروع ہی سے تشدد اور انتہاپسندی کے خلاف رہی ہے، انتہا پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے پی پی پی قیادت بشمول شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان کی قیمت ادا کی ہے۔