Sunday, September 8, 2024

تسلسل سے انڈے کھانا دل کی بیماریوں کے خطرے کو نہیں بڑھاتا : طبی تحقیق

تسلسل سے انڈے کھانا دل کی بیماریوں کے خطرے کو نہیں بڑھاتا : طبی تحقیق
March 19, 2016
ہیلسنکی (ویب ڈیسک) طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈا شاید دل کی صحت کے لیے اتنا برا نہیں جتنا عوامی سطح پر خیال کیا جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ”امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن“ جریدے میں چھپنے والی تحقیق کے مطابق بار بار انڈے کھانا دل کی بیماریوں کے خطرے کو نہیں بڑھاتا ہے حتیٰ کہ ہائی کولیسٹرول کے لیے زیادہ حساس افراد کو بھی غذائی کولیسٹرول سے دل کی بیماریوں کا خطرہ نہیں تھا۔ ایسٹرن فن لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق ہائی کولیسٹرول والی غذائیں ہمیشہ دل کی بیماریوں کا باعث نہیں بنتی ہیں۔ فن لینڈ یونیورسٹی میں ایپی ڈیمیولوجی کے شعبے سے منسلک ماہرین کی ٹیم نے کہا ہے کہ غذائی کولیسٹرول کی تھوڑی زیادہ مقدار یا خاص طور پر ہر روز ایک انڈا کھانے سے دل کی شریانوں کی بیماریوں کا خطرہ نہیں تھا۔ خیال رہے کہ انڈا غذائی کولیسٹرول کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اس تحقیق کا مقصد انڈا کھانے اور دل کو خون پہنچانے والی شریان کی موٹائی کے خطرے کے درمیان تعلق کی چھان بین کرنا تھا۔ طبی محققین کے مطابق تازہ مطالعے کے نتائج سے یہ وضاحت ہوتی ہے کہ عام آبادی میں خون میں کولیسٹرول کی سطح پر غذائی کولیسٹرول کے اثرات معمولی ہیں۔ محققین نے اندازہ لگایا ہے کہ بار بار انڈے کھانا دل کی بیماریوں کے خطرے کو نہیں بڑھاتا ہے۔