Thursday, May 2, 2024

ترکی کے صدارتی انتخابات میں طیب اردوان پھر فاتح ، ٹرن آؤٹ 87 فیصد رہا

ترکی  کے صدارتی انتخابات میں طیب اردوان پھر فاتح ، ٹرن آؤٹ 87 فیصد رہا
June 24, 2018
استنبول ( 92 نیوز ) ترکی کے صدارتی انتخابات میں طیب اردوان کی فتح ہو گئی ، پارلیمانی الیکشن میں حکمران اتحاد پیپلز الائنس نے  54 فیصدسے زائد ووٹ لے کر واضح برتری حاصل کرلی ، ملک بھر میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 87 فیصد رہا ، شدید علیل شہریوں نے  موبائل بیلٹ بکس سسٹم کے تحت گھر بیٹھے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔ ملک پر حکمرانی کیلئے طیب اردوان سمیت  6 امیدوار مدمقابل تھے جب کہ  پارلیمنٹ کی 600 نشستوں کیلئے 8 سیاسی پارٹیاں اکھاڑے میں اتریں ۔ ترک الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں 5کروڑ 63 لاکھ 22ہزار 632 رجسٹرڈ ووٹرز تھے ، جن کیلئے ایک لاکھ 80 ہزار بیلٹ باکس رکھے گئے ۔ رواں الیکشن میں شدید بیمار افراد کیلئے موبائل بیلٹ بکس سسٹم متعارف کرایا گیا ، جس کے ذریعے 17 ہزار 258 رائے دہندگان نے گھر بیٹھے ووٹ کاسٹ کیا ۔ صدر طیب اردوگان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ استنبول میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عوام بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کیلئے باہر نکلی ہے ۔ ترکی میں ان انتخابات میں شہریوں کا جوش و خروش بھی دیدنی تھا  جو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے جوق در جوق پولنگ اسٹیشنز پہنچے ،  انقرہ میں ایک جوڑا اپنی شادی سے قبل ووٹ ڈالنے پولنگ بوتھ پہنچا ۔ صدارتی امیدوار کیلئے 50 فیصد سے زائد ووٹ لینا لازمی ہے ۔