Friday, April 19, 2024

ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں 87 برس بعد عید الفطر کی نماز ادا کی گئی

ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں 87 برس بعد عید الفطر کی نماز ادا کی گئی
May 13, 2021

استنبول (92 نیوز) ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں 87 برس بعد عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔

ایس او پیز کا خصوصی خیال رکھتے ہوئے روح پرور اجتماع میں ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔ آیا صوفیہ کے احاطے میں بھی سینکڑوں مسلمانوں نے عید الفطر کی نماز ادا کی۔

گزشتہ برس 10 جولائی کو ترک عدالت نے استنبول کے تاریخی ورثے آیا صوفیہ کی میوزیم حیثیت ختم کرتے ہوئے مسجد میں تبدیل کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ جب ترکی کی اعلیٰ انتظامی عدالت کونسل آف سٹیٹ نے ماضی میں کیے گئے حکومتی فیصلے کو غیرقانونی قرار دیا۔

قسطنطنیہ کی فتخ کی علامت، ’’ آیا صوفیہ ‘‘ کو 1934ء میں عجائب گھر میں تبدیل کیا گیا تھا۔ اس تاریخی عمارت کو 1934ء میں ترک سیکولر ریاست کی بنیاد رکھنے والے حکمران کمال اتاترک نے اپنے دورے اقتدار کی ایک دہائی کے بعد میوزیم بنا دیا تھا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے تاریخی ورثے کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا جس پر معاملہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت میں پہنچ گیا۔ 1994ء میں جب ترک صدر استنبول کے ناظم کا انتخاب لڑ رہے تھے تو اُنہوں نے اس عمارت کو نماز کے لیے کھولنے کا وعدہ کیا تھا، جبکہ 2018ء میں وہ یہاں قرآن کی تلاوت بھی کرچکے ہیں۔

یونیسکو کی جانب سے اس عمارت کو 1985ء میں عالمی تاریخی ورثے میں شامل کیا گیا۔ ہر سال لاکھوں سیاح آیا صوفیہ کو دیکھنے کے آتے ہیں۔