Friday, April 26, 2024

ترک طیارہ کرغزستان میں گر کر تباہ، 37افراد ہلاک

ترک طیارہ کرغزستان میں گر کر تباہ، 37افراد ہلاک
January 16, 2017

بشکیک (ویب ڈیسک) ترکی کا کارگو جہاز کرغزستان میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے نتیجے میں 37 عام شہری  ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں میں  طیارے کے پائلٹ سمیت چھ بچے بھی شامل ہیں۔

کرغز حکام کے مطابق ترک ائیرلائن کا بوئنگ سات سو سینتالیس کارگو جہاز دارالحکومت بشکیک کے نواح میں مناس ائیر پورٹ کے قریب داچا نامی گائوں پر گرا جس کے نتیجے میں پندرہ مکانات تباہ ہوگئے۔ حادثے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق بدقسمت گائوں سے ہے۔

ترک حکام کے مطابق جہاز نے ہانگ کانگ سے استنبول کیلئے پرواز بھری تھی اور اسے ایندھن بھروانے کیلئے بشکیک میں رکنا تھا تاہم لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے ہی جہاز حادثے کا شکار ہوگیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد مناس ائیر پورٹ کو عام پروازوں کیلئے جزوی طور پر بند کردیا گیا۔ کرغزستان کے نائب وزیر اعظم جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے۔