Saturday, April 20, 2024

ترکی کا امریکی مطالبے پر عراق سے فوج واپس بلانے کا اعلان

ترکی کا امریکی مطالبے پر عراق سے فوج واپس بلانے کا اعلان
December 20, 2015
انقرہ (ویب ڈیسک) ترکی نے امریکی مطالبے پر عراق سے فوج واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے تاہم صدر رجب طیب اردوان نے داعش اور کردستان ورکرز پارٹی کے خاتمے کا عزم بھی دہرایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترکی ایک طرف داعش تو دوسری طرف کردباغیوں کیخلاف اپنے ملک میں کارروائی کر رہا ہے تو وہ عراق کے کرد علاقے میں بھی کردوں کیخلاف کریک ڈاون کر رہا ہے جس پر امریکی صدر نے ترکی سے عراق سے اپنی فوج واپس بلانے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد ترک وزیر خارجہ نے عراق سے فوج واپس بلانے کی تصدیق کی ہے جبکہ ترک صدر نے کہا ہے کہ ان کا ملک نہ صرف عراق اور شام سے داعش نام کی استحصالی مشین کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا بلکہ کرد بھائیوں کو عذاب میں مبتلا کرنے اور ملکی سلامتی کیلئے خطرہ بننے والی علیحدگی پسند تنظیم کو ختم کرکے رہے گا۔ انہوں نے یہ بات ایک اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ دوسری طرف ترک فوج کی داعش اور کردوں کیخلاف کارروائیوں میں شدت آ گئی ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے عراق سے فوج واپس بلانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی صوبے موصل سے فوج واپس بلائی جائیگی اور یہ فیصلہ معاملے کی حساسیت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ عراق میں ترک فوجی دستے کردوں کے خلاف نبردآزما ہیں اور شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف عراقی ملیشیا کی تربیت بھی کر رہے ہیں۔