Thursday, March 28, 2024

ترکی کا امریکا اور یورپی یونین کے دس سفیروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک بدر کرنے کا حکم

ترکی کا امریکا اور یورپی یونین کے دس سفیروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک بدر کرنے کا حکم
October 24, 2021 ویب ڈیسک

انقرہ (92 نیوز) ترکی نے امریکا اور یورپی یونین کے دس سفیروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے 10 مغربی ممالک کے سفیروں کو ملک بدر کرنے کے احکامات صادر کر دیئے۔ اردوان نے اپنے وزیر خارجہ سے کہا کہ سفیروں کو جتنی جلدی ممکن ہو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کیا جائے اور ان سے کہا جائے کہ یہ جتنا جلد ممکن ہو ترکی چھوڑ دیں۔

ناپسندیدہ قرار دیے جانےوالوں میں امریکا، جرمنی، فرانس، کینیڈا، ڈنمارک، نیدرلینڈز، ناروے، سویڈن، فن لینڈ، نیوزی لینڈ کے سفیر شامل ہیں۔

مغربی ممالک کے سفیروں نے کچھ روز قبل مشترکہ بیان میں پیرس میں پیدا ہونے والے 64 سالہ سماجی کارکن عثمان کوالا کی ترکی میں مسلسل حراست پر تنقید کی تھی اور عثمان کوالا کے معاملے کو فوری حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

کوالا 2017 سے عدالت کی جانب سے کسی سزا کے بغیر مسلسل جیل میں ہیں اور انہیں 2013 میں حکومت مخالف مظاہروں اور 2016 میں ناکام فوجی بغاوت سے منسلک ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔