Wednesday, May 1, 2024

ترکی ،ٹوپ کپی عجائب گھر میں نبی کریمؐ،اہلبیتؓ،خلفائے راشدین کے زیر استعمال تبرکات موجود

ترکی ،ٹوپ کپی عجائب گھر میں نبی کریمؐ،اہلبیتؓ،خلفائے راشدین کے زیر استعمال تبرکات موجود
October 16, 2018
انقرہ ( 92 نیوز)ترکی کا ٹوپ کپی عجائب گھر عالم اسلام میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، آپ ﷺ کے خاندان، خلفائے راشدینؓ اور صحابہ کرامؓ کے زیراستعمال تبرکات کی وجہ سے خاص مقام رکھتا ہے۔ ٹوپ کپی میوزیم تبرکات مقدسہ کی موجودگی کی وجہ سے دنیا میں الگ مقام رکھتا ہے ، یہاں آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی علیہ السلام کا جبہ مبارک اور نقش پا موجود ہے ۔ خاتون جنت حضرت بی بی فاطمہ ؓکے زیر استعمال صندوق اور پوشاک مبارک  بھی موجود ہے ۔ اس عجائب گھر میں شیر خدا حضرت علی المرتضیٰ ؓ کی تلوار سیف جس کا نام سن کر کفار لرز جاتے تھے بھی موجود ہے۔ ٹوپ کپی میوزیم میں جگر گوشہ رسول شہید کربلا حضرت امام حسین ؓرضی اللہ عنہ کا جبہ مبارک بھی موجود ہے جو زائرین کی خاص توجہ کا مرکز ہے ۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ اقدس اور آپ ﷺ کے خلفائے راشدینؓ کے ادوار کی بے شمار نشانیاں اس عجائب گھر میں موجود ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف مسلم امہ بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی یہاں زیارت کرنے آتے ہیں ۔ یہ میوزیم وسیع تر رقبے پر قائم ہے ، ترک حکومت نے جہاں انبیاء کرام اور صحابہ کرام کے مزارات کو محفوظ اور پرکشش بنانے کے لئے انتظامات کئے ہیں وہیں نادر اور نایاب تبرکات کی حفاظت اور عوام الناس کو انکے فیوض و برکات سے بہرہ ور ہونے کے لئےبھی خصوصی اہتمام کر رکھا ہے۔