Monday, September 16, 2024

ترکی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا

ترکی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا
August 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ترکی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مکمل اور بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان گولن کی تنظیم کے تحت چلنے والے تعلیمی و ثقافتی اداروں کو بند کر دے گا کیونکہ وہ پاکستان اور دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا ہے کہ وہ جلاوطن ترک مبلغ فتح اللہ گولن کی تنظیم کی پاکستان میں سرگرمیوں سے متعلق ترک حکومت کے خدشات پر پاکستانی ردعمل سے مطمئن ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز سے اسلام آبا دمیں ملاقات اور دوطرفہ مذاکرات کے بعد مشترکہ میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ فتح اللہ گولن کی تنظیم ہر اس ملک کے لیے خطرہ ہے جہاں اس کی موجودگی ہے۔ فتح اللہ گولن کی تنظیم کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے مولود اوغلو نے کہا وہ پرامید ہیں کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ اس موقع پر سرتاج عزیز نے کہا کہ ترک عوام نے جمہوریت کے خلاف بغاوت کو ناکام بنایا۔ پاکستان اور ترکی مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرتے رہیں گے۔ دونوں ممالک نے مسئلہ افغانستان کے حل کے لیے چار ملکی کو ر گروپ کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔