Friday, April 26, 2024

ترکی نے افغانستان سے اپنے فوجی نکالنا شروع کر دیئے

ترکی نے افغانستان سے اپنے فوجی نکالنا شروع کر دیئے
August 26, 2021 ویب ڈیسک

انقرہ (92 نیوز) ترکی نے افغانستان سے اپنے فوجی نکالنا شروع کر دیئے۔

حکام کے مطابق نیٹو فورس کے زیرکنٹرول ترکی کے پانچ سو سے زائد فوجی افغانستان میں تعینات تھے۔ ترک صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں حکومت سے متعلق بے یقینی کا خاتمہ اور حالات معمول پر لانا ترجیح ہونی چاہیے۔ طالبان کو بیانات سے نہیں بلکہ ان کے اقدامات سے پرکھا جائے گا۔

ترک صدارتی ترجمان کا کہنا تھا افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ چلانے کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ قواعد و ضوابط اور تفصیلات پر تبادلہ خیال جاری ہے۔ اس حوالے سے مثبت پراگریس کیلئے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کابل ایئرپورٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔ اگر کوئی معاہدہ ہو جاتا ہے تو ترکی اپنی خدمات جاری رکھے گا۔ یہ ایک پیشہ ورانہ ذمہ داری ہو گی جسے بخوبی نبھایا جائے گا۔ کابل ایئرپورٹ دنیا کیلئے افغانستان داخلے کا دروازہ ہے اس سے اس مشن کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔