Friday, March 29, 2024

ترکی: گوجرانوالہ کے نوجوانوں کو نئی مصیبت نے گھیر لیا

ترکی: گوجرانوالہ کے نوجوانوں کو نئی مصیبت نے گھیر لیا
January 8, 2017

گوجرانوالہ (92نیوز) ترکی میں افغان جرائم پیشہ گروہ سے بازیاب ہونیوالے نوجوانوں کی مشکلات کم نہ ہو سکیں۔ پاکستانی سفارتخانے کے رابطہ نہ کرنے پر ترک پولیس نے بھی نوجوانوں کو بے یارومددگار چھوڑ دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے نئی ویڈیو حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کے علاقہ عثمان پاشا سے افغان گروہ کی قید سے بازیا ب کرائے گئے گوجرانوالہ کے نوجوانوں عابد، عدیل، عثمان اور ذیشان سے پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا جس پر ترک پولیس نے بھی انہیں بے یارو مددگار چھوڑ دیا۔

اغواکاروں کی قید سے بازیابی کے بعد ترک پولیس نے انہیں اپنی حفاظتی تحویل میں لے کر علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا تھا۔

تین روز گزرنے کے باوجود پاکستانی سفارتخانے کے ترک حکام کے ساتھ رابطہ نہ کرنے پر ترک پولیس نے تمام نوجوانوں کو چھوڑ دیا جس کے بعد یہ تمام نوجوان بے یارومددگار ہو گئے ہیں اور خوف میں مبتلا ہیں کہ دوبارہ کسی اغواکار گروہ کے ہتھے نہ چڑھ جائیں۔ ان کی حالت پر ترس کھا کرایک پاکستانی نژاد معصوم نامی شخص انہیں اپنے گھر لے آیا ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ وطن واپس آنا چاہتے ہیں، حکومت ان کی مدد کرے۔