Sunday, September 8, 2024

ترکی میں فلائٹ آپریشن معطل‘ پاکستانیوں کو لانے کیلئے خصوصی طیارہ بھیجنے کا فیصلہ

ترکی میں فلائٹ آپریشن معطل‘ پاکستانیوں کو لانے کیلئے خصوصی طیارہ بھیجنے کا فیصلہ
July 17, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر پی آئی اے نے استنبول میں پھنسے 200 پاکستانیوں کو واپس لانے کےلئے خصوصی پرواز چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ترکی میںسفارتخانہ ہم وطنوں کی محفوظ منتقلی کےلئے اقدامات کررہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے استنبول میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کےلئے احکامات جاری کر دیے۔ پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ پاکستانیوں کی واپسی کےلئے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ استنبول میں پاکستانی سفارتی عملہ پاکستانیوں کی مناسب دیکھ بھال کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔ ترکی میں پھنسے پاکستانی سفارتخانے سے رابطے میں ہیں۔ پاکستانی سفیر تمام معاملات کی خودنگرانی کررہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے کے چیئرمین کاظم سہگل نے استنبول میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کےلئے خصوصی پرواز چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق ضروری انتظامات کے بعد بوئنگ 777جہاز استنبول روانہ کیا جائیگا۔ ترکی میں پاکستانی سفارتخانہ نے ترکش ایئرلائن کے ساتھ رابطہ کرکے بڑے جہاز مہیا کرنے کی استدعا بھی کی۔ ترجمان سفارتخانہ عبدالاکبر کا کہنا ہے کہ ترکش ایئرلائن نے بڑا جہاز دینے کی یقین دہانی کرائی۔