Friday, March 29, 2024

ترکی میں اغوا ہونیوالے 6پاکستانی 92نیوز کی کوششوں سے بازیاب

ترکی میں اغوا ہونیوالے 6پاکستانی 92نیوز کی کوششوں سے بازیاب
January 5, 2017

استنبول (92نیوز) ترکی میں بازیاب ہونے والے چھ پاکستانیوں کی نئی ویڈیو آگئی۔ بازیاب کئے جانے والے پاکستانی خیریت سے ہیں۔ ان افراد کو کل پاکستانی سفارتخانےمیں پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نائنٹی ٹونیوز کی کاوشیں رنگ لے آئیں جو پاکستانی ترکی میں اغواکاروں کے جال میں پھنسے تھے آج آزاد فضاؤں میں سکون سے بیٹھے ناشتہ کر رہے ہیں۔

نائنٹی ٹو نیوز کو ملنے والی نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بازیاب کرائے جانے والے پاکستانی خیریت سے ہیں اور ان کے چہروں سے اطمینان چھلک رہا ہے کیونکہ انہیں امید ہے کہ وہ جلد ہی اپنے پیاروں کے ساتھ ہوں گے۔

آنکھوں میں سہانے مستقبل کے خواب سجا کر یہ پاکستانی بہتر روزگار کے لئے ترکی گئے تھے لیکن وہاں اغوکاروں کے چنگل میں پھنس گئے۔ ان کی فریاد بھی سب سے پہلے نائنٹی ٹو نیوز نے حکمرانوں تک پہنچائی جس پر پاکستانی دفتر خارجہ حرکت میں آیا اور ترک حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔

استنبول پولیس نے عثمان پاشا کے علاقے میں کارروائی کرکے پاکستانیوں کو بازیاب کرایا جبکہ افغان اور ترک اغوا کاروں کو دھر لیا گیا۔ بازیابی کے بعد ان کی ویڈیو بھی سامنےآئی تھی۔ انسانی اسمگلروں نے چھ پاکستانیوں کو یورپ بھجوانے کے لئے بھاری رقم بٹوری اور پھر انہی ایجنٹوں کے ساتھیوں نے افغان جرائم پیشہ گروہ کے ہاتھوں ان پاکستانیوں کو اغوا کرایا۔

ان پر تشدد کی ویڈیو ان کے اہل خانہ کو بھجوا کر بیس بیس ہزار ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا۔ امید ہےکہ ان افرادکو جلد پاکستان بھجوا دیا جائے گا۔ یورپ جانے کے خواہش مند پاکستانی ایجنٹوں کو بھاری رقم دیتے ہیں۔ ان میں سے کم ہی غیرقانونی طور پر یورپ پہنچ پاتے ہیں جبکہ اکثر راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔