Thursday, May 2, 2024

ترکی ، عمان اور قطر سے مزید ساڑھے چھ سو سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

ترکی ، عمان اور قطر سے مزید ساڑھے چھ سو سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
May 5, 2020
 لاہور (92 نیوز) دیارغیر میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کا مشن جاری ہے۔ ترکی ، عمان اور قطر سے مزید ساڑھے چھ سو سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے۔ پی آئی اے ریلیف آپریشن کے تحت پرواز پی کے 784 کے ذریعے 284 مسافر استنبول سے اسلام آباد پہنچے۔ دو مسافروں کو تیز بخار کے باعث پمز منتقل کر دیا گیا۔ عمان کے دارالحکومت مسقط سے خصوصی پرواز 124 پاکستانیوں کو لیکر ملتان پہنچی ۔ اسکریننگ کے بعد ٹمپریچر زیادہ ہونے پر تین مسافروں کو نشتر اسپتال میں داخل کر دیا گیا ۔ خلیجی ملک قطر سے بھی قطرایئرویز کی ایک پرواز پشاور پہنچی جس کے ذریعے دوحہ سے 250 مسافر خیبرپختونخوا آئے۔ فضائی حدود کے علاوہ زمینی راستے سے بھی پاکستانیوں کی وطن واپسی جاری ہے۔ بھارت میں پھنس جانے والے 193 پاکستانی شہری آج واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے۔ تمام ممالک سے آنے والے مسافروں کا طبی معائنہ اور اسکریننگ کی گئی اور کورونا ٹیسٹ کیلئے نمونے لینے کے بعد مختص ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز بھیجا گیا۔