Tuesday, May 21, 2024

ترکی سے تجارتی معاہدے اہم ہیں، وزیر اعظم ، ہر مشکل میں پاکستان کیساتھ ہیں، ترک صدر

ترکی سے تجارتی معاہدے اہم ہیں، وزیر اعظم ، ہر مشکل میں پاکستان کیساتھ ہیں، ترک صدر
February 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ صبح جو ترک صدر نے تقریر کی،وہ تمام پاکستانیوں نے بہت پسند کی، آج جو تجارتی معاہدے ہوئے یہ بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ترک صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اگر ترک صدر پاکستان سے الیکشن لڑیں تو کلین سوئپ کریں گے، پوری قوم نے ترک صدر کی تقریر کو بہت پسند کیا، میں ترک صدر کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس طرح انہوں نے جو کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کو ہندوستان نے 6 ماہ سے زیادہ قید کررکھا ہے، آج جو تجارتی معاہدے ہوئے یہ بہت اہمیت کے حامل ہیں، ترکی کو جو دہشت گردی کا سامنا ہم سپورٹ کرتے ہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکی ایف اے ٹی ایف پر جس طرح سے پاکستان کو سپورٹ کررہا ہے میں اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیر اعظم بولے کہ ترکی کی فلم انڈسٹری بہت آگے ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہم فلموں کے ذریعے اسلاموں فوبیا کا مقابلہ کریں، میں ترک صدر کا پھر سے شکر ادا کرتا ہوں، ترکی کے ساتھ تحریک خلافت کے بعد ایک خاص تعلق بن گیا تھا۔ خاص طور سے جب سے اردوان ترکی کے منظر نامے پر ابھرے ہیں تب سے تعلقات مزید قریب ہو گئے۔ وزیر اعظم عمران خان ہم ترکی سے سیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان آج ادھر ہی کھڑا ہے جہاں جب اردوان آئے تو ترکی کھڑا تھا، پاکستان سیاحت کے شعبے میں ترکی کی مدد چاہتا ہے۔ ترک صدر جب اٗٓئے تو ترکی کو کس طرح معاشی طور پر اٹھایا وہ واقعی سیکھنے کے قابل ہے۔ ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ میں وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کو سلیوٹ کرتا ہوں، سرمایہ کاری بہت ضروری ہے تاکہ نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ روزگار ملے۔ وزیر اعظم اور اعلیٰ سطح کے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس طرح انہوں نے میرا استقبال کیا۔ تین سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے پر بہت خوشی ہوئی۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، فوڈ، ٹرانسپورٹیشن، تعلیم، سیاحت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا بھائی ہے ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوں گے، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بڑھانے میں ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ اسٹریٹیجیک تعاون پر فریم ورک تیار کرلیا گیا ہے۔