Saturday, May 11, 2024

ترکی: دہشتگردوں کی نائٹ کلب پرفائرنگ، 39 افراد ہلاک

ترکی: دہشتگردوں کی نائٹ کلب پرفائرنگ، 39 افراد ہلاک
January 1, 2017

استنبول (ویب ڈیسک) ترکی میں نئے سال کا جشن منانے والوں پر مسلح شخص کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد انتالیس ہو گئی۔ مرنے والوں میں سولہ غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق نئے سال کا آغاز ترکی کیلئے خوش قسمت ثابت نہیں ہوا۔ سال شروع ہوتے ہی استنبول کے ایک نائٹ کلب میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے نے پورے ملک میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

استنبول میں مسلح شخص نے پہلے نائٹ کلب کے سکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور پھر اندر گھس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے سانتا کلاز کا روپ دھارے حملہ آور نے نائٹ کلب میں سال نو کا جشن منانے والوں کو نشانہ بنایا،علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

گورنر استنبول کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت کلب میں 600 لوگ موجود تھے۔ امریکہ سمیت کئی ممالک نے ترکی میں حملے کی مذمت کی ہے۔