Sunday, September 8, 2024

ترکی : دارالحکومت انقرہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں مرنیوالوں کی تعداد 37 ہو گئی

ترکی : دارالحکومت انقرہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں مرنیوالوں کی تعداد 37 ہو گئی
March 14, 2016
انقرہ (ویب ڈیسک) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں کاربم دھماکے سے سینتیس افرادہلاک اورایک سو پچیس زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے کی تصاویر سوشل میڈیا پر آنے کے بعد فیس بک اور ٹویٹر کوترکی میں بند کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے انقرہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیراعظم کہتے ہیں کہ دکھ کی اس گھڑی میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں‘ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہے، مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انقرہ میں ہونے والے کاربم دھماکے نے فضا سوگوار کردی۔ دھماکا انقرہ میں مرکزی چوک کے قریب بس اسٹاپ پر ہوا۔ ترک میڈیا کے مطابق دھماکا ایک کار کے بس سے ٹکرانے کے بعد ہوا، دھماکے کے بعد متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر اہم شواہد اکٹھے کئے جبکہ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتا ل منتقل کردیا۔ دھماکے کی تصاویر فیس بک اور ٹویٹر پر آنے کے بعد ترکی میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کو بند کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف غیرملکی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی سفارتخانے نے دوروز پہلے ہی ترک حکام کودھماکے سے متعلق خبردار کیا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے انقرہ میں ہونے والی دہشت گردی پر اپنے ہم منصب کو پیغام دیا ہے کہ دہشت گردی مشترکہ مسئلہ ہے‘ اسکا ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے غم کی اس گھڑی میں عوام سے وعدہ کیا ہے کہ ترک حکومت دہشت گردوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردے گی۔