Friday, April 19, 2024

ترکی اور جرمنی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ، گرفتارجرمن صحافی کو ایجنٹ قراردیدیا گیا

ترکی اور جرمنی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ، گرفتارجرمن صحافی کو ایجنٹ قراردیدیا گیا
March 20, 2017
انقرہ (ویب ڈیسک)ترکی اور جرمنی کا تنازع شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ترک صدر طیب اردوان کے جرمن چانسلر پر لفظی حملے جاری ہیں۔ انجیلا مرکل پر نازی اقدامات کا الزام دھر دیااردوان نے ترکی میں گرفتارجرمن صحافی کو دہشت گردوں کا ایجنٹ قرار دے دیا۔ تفصیلات کےمطابق ترک صدرطیب اردوان نے اپنی توپوں کا رخ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جانب موڑ دیا ۔ استنبول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انہو ں نے کہا کہ جرمن چانسلر نازی اقدامات کر رہی ہیں انجیلا مرکل کی جانب سے یہ اقدامات ترک شہریوں اور وزراءکے خلاف کیے جا رہے ہیں ۔ ترک صدر نے کہا کہ ترک نژاد جرمن صحافی یوچیل کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیاگیا ہے یوچیل دہشت گردوں کا ایجنٹ ہے ۔گرفتارصحافی یوچَیل پر ایک شدت پسند تنظیم کی حمایت اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے الزامات ہیں۔  یوچیل پر ترکی کے غیر جانبدار عدالتی نظام کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔  جرمنی یوچیل کی رہائی کے لیے کئی بار ترکی سے مطالبہ کر چکا ہےکیونکہ وہ جرمن شہری بھی ہے۔جرمنی نے ترکی میں آئندہ ماہ ہونے والے ریفرنڈم کی حمایت کے لیے اپنے ملک میں ترک رہنماؤں کی ریلیاں روک دی تھیں جس کے بعد دونوں ملکوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اگر ترکی میں یہ ریفرنڈم کامیاب رہا تو ترکی موجودہ پارلیمانی جمہوری نظام کی جگہ صدارتی  نظام اپنا لے گا اور صدر اردوان کے اختیارات میں بھی بے پناہ اضافہ ہو جائے گا۔