Thursday, April 25, 2024

ترکی: استنبول نائٹ کلب پر حملے کا ملزم پکڑا گیا

ترکی: استنبول نائٹ کلب پر حملے کا ملزم پکڑا گیا
January 17, 2017

استنبول (ویب ڈیسک) ترکی کے شہر استنبول میں نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے چھاپے کے دوران خاتون سمیت چار افراد کوبھی حراست میں لے لیا۔ ملزم عبدالقادر مشرپوف نے استنبول کے رینانائٹ کلب پر نیو ایئرنائٹ کے دوران فائرنگ کی تھی۔ اس حملے میں انتالیس افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے ملزم کو استنبول سے پچیس میل دور ایسن یورت کے علاقے میں ایک فلیٹ پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عبدالقادر مشرپوف ازبک شہری ہے۔ گرفتاری کے وقت اس کا بیٹا بھی ساتھ موجود تھا۔ ملزم کے طبی معائنے کے بعد اس سے تفتیش کی جائے گی۔ ملزم عبدالقادر مشرپوف کا تعلق داعش سے ہے اور اسے نائٹ کلب پر حملے کے عوض ڈیڑھ لاکھ ڈالر دیے جانے تھے۔

ترک پولیس کا کہنا ہے کہ پندرہ جنوری کو ایک گھر پر چھاپے کے دوران ڈیڑھ لاکھ ڈالر برآمد ہوئے تھے جو ملزم عبدالقادر مشرپوف کو دیے جانے تھے۔ پولیس نے ایسن یورت کے فلیٹ سے خاتون سمیت دیگر چار افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جن کا تعلق صومالیہ، سینیگال، مصر اور کرغزستان سے ہے۔ ان افراد کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔