Sunday, September 8, 2024

ترک وزیراعظم نے 16جولائی کو ’یوم جمہوریہ‘ قرار دیدیا‘ 2839 باغی فوجی گرفتار

ترک وزیراعظم نے 16جولائی کو ’یوم جمہوریہ‘ قرار دیدیا‘ 2839 باغی فوجی گرفتار
July 16, 2016
انقرہ (ویب ڈیسک) ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے ہر سال سولہ جولائی کو یوم جمہوریہ منانے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ فوجیوں کے ایک باغی گروہ کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش ملکی تاریخ پر ایک سیاہ دھبہ ہے۔ بغاوت میں ملوث تمام باغیوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔ دہشت گردوں کو قوم نے بہترین جواب دیا۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کے وزیراعظم بن علی یلدرم نے صورتحال کنٹرول میں آنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر ملک میں جمہوریت کے خلاف بغاوت کو کچل دیا ہے۔ لوگ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ٹینکوں کے سامنے لیٹ گئے۔ باغیوں کے خلاف عوام کا سامنے آنا یہ ثابت کرتا ہے کہ ترک عوام جمہوریت پسند ہیں۔ ترک وزیراعظم نے ترکی کے عوام کو قومی پرچم سڑکوں پر لہرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سولہ جولائی کو ہر سال یوم جمہوریت کے طور پر منایا جائے گا۔ بن علی یلدرم نے کہا کہ دو ہزار آٹھ سو انتالیس فوجی بغاوت میں ملوث تھے جن کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ باغیوں کے اقتدار پر قبضے کی کوشش کے دوران باغیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں دو سو سے زائد افراد ہلاک جبکہ چودہ سو چالیس زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے باغیوں کے خلاف مقدمہ چلانے کا بھی اعلان کیا۔