Saturday, April 20, 2024

ترک وزیراعظم مستعفی‘ علی یلدرم حکمران جماعت کے چیئرمین منتخب ہو گئے

ترک وزیراعظم مستعفی‘ علی یلدرم حکمران جماعت کے چیئرمین منتخب ہو گئے
May 22, 2016
انقرہ (ویب ڈیسک) ترکی کے وزیراعظم احمد داﺅد اوغلو عہدے سے باقاعدہ مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان کا استعفیٰ منظور کر لیا گیا۔ احمدداود اوغلو کی کابینہ کے وزیر ٹرانسپورٹ علی یلدرم کو حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کا متفقہ طور پر نیا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ یلدرم اب ترکی کے وزیراعظم منتخب ہو سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں حکمران جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں سبکدوش وزیراعظم احمد داود اوغلو سمیت پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ خصوصی اجلاس میں پارٹی کے بانی رہنما علی یلدرم کو متفقہ طور پر جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ احمد داﺅد اوغلو کے استعفیٰ کے بعد یلدرم کے بطوروزیراعظم منتخب ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یلدرم کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعظم سب سے پہلے وہ نیا آئین متعارف کرائیں گے جس میں صدارتی نظام لاگو کیا جائے گاتاکہ صدر رجب طیب اردگان ملک کو درپیش مسائل کو حل کر سکیں۔ سبکدوش وزیراعظم احمد داود اوغلو نے بھی پارٹی اجلاس سے خطاب کیا جس میں اوغلو کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملک و قوم کی خاطر ذاتی مفادات کی بجائے سیاسی مفادات کو ترجیح دی۔