Friday, May 10, 2024

ترک وزیر خارجہ کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا

ترک وزیر خارجہ کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا
January 13, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اوغلو کو ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

ترک وزیر خارجہ کے اعزاز میں ایوان صدر میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں صدر مملکت نے انہیں ہلال پاکستان کے اعزاز سے نوازا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی پوزیشن میں زبردست بہتری آئی ۔ پاکستان کے کاروبار دوست ماحول سے ترک سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق صدر عارف علوی نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر پاکستان کی اصولی حمایت پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترک صدر کی حالیہ تقریر میں کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ صدر نے کورونا کی عالمی وبا سے نمٹنے میں ترکی کے عالمی کردار کی بھی تعریف کی۔

ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کا خواہاں ہے۔ ترکی ترک کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔ ترکی تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔