Friday, April 19, 2024

ترک مسلمان کا پڑپوتا انگریزوں کے ملک کا نیا وزیراعظم بن گیا

ترک مسلمان کا پڑپوتا انگریزوں کے ملک کا نیا وزیراعظم بن گیا
July 24, 2019
 لندن (92 نیوز) ترک مسلمان کا پڑپوتا انگریزوں کے ملک کا نیا وزیراعظم بن گیا۔ ملکہ برطانیہ نے بورس جانسن کو ملک کے سولہویں وزیراعظم کے طور پر حکومت بنانے کی دعوت دی۔ تھریسامے کے برطانیہ کی وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے دوست بورس جانسن نے برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر خطاب میں کہا وہ بہتری کے لیے ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں اور کسی اگر مگر کے بغیر برطانیہ 31 اکتوبر کو یورپی یونین چھوڑ دے گا۔ نئے برطانوی وزیراعظم کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ وہ تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرینگے ۔ سوشل سیکٹر کے مسائل کو بھی حل کیا جائے گا۔ بورس جانسن جلد ہی اپنی نئی کابینہ کا بھی اعلان کرینگے۔ تھریسامے کے کئی سینئر وزراء پہلے ہی بورس جانسن کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے مستعفی ہو چکے ہیں۔ بکنگھم پیلس جاتے ہوئے بورس جانسن کی گاڑی کو ماحولیات کے حوالے سے احتجاج کرتے مظاہرین نے بھی روک لیا جنہیں سکیورٹی اہلکاروں نے ہٹایا۔ دوسری جانب سبکدوش ہونے والی وزیراعظم تھریسامے نے اپنے آخری خطاب کے بعد ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر آخری خطاب میں کہا بطور وزیراعظم کام کرنا ان کے لیے اعزاز تھا۔ بورس جانسن کی حکومت کی کامیابی ہمارے ملک کی کامیابی ہو گی۔ اس سے پہلے انہوں نے بطور وزیر اعظم پارلیمنٹ کے سیشن میں اراکین کے سوالات کے جوابات دیے جہاں انہیں بھرپور خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔