Thursday, April 18, 2024

ترک فوج کی شام میں شدت پسند گروپوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ

ترک فوج کی شام میں شدت پسند گروپوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ
July 24, 2015
استنبول(92نیوز)ترک فوج کا شام میں شدت پسند گروپوں کے ٹھکانوں پر حملہ،ترک وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ شدت پسندوں کے تین ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کی حکومت نے کہا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ترک پولیس نے جمعے کی صبح ملک کے 13 صوبوں میں کیے جانے والے آپریشن میں شدت پسندوں  اور کرد علیحدگی پسندوں کے مشتبہ حامیوں کی بڑی تعداد کو حراست میں بھی  لیا ہے۔بمباری کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز سرحد پر ہونے والی جھڑپوں کے بعد منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ ترکی نے شدت پسند تنظیم  کے خلاف جاری فضائی کارروائیوں میں حصہ لیا ہے۔ ترکی نے شام میں دولت اسلامیہ کو نشانہ بنانے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب امریکا نے بھی یہ کہا ہے کہ اسے ترک حکام کی جانب سے شام کی سرحد کے قریب واقع ایک ایئر بیس کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائیوں کے لیے اس اڈے کے استعمال کا معاہدہ کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد طے پایا ہے۔