Thursday, May 9, 2024

ترک فوج منبج میں داخل، جھڑپ، 2 اہلکار اور 15 کرد جنگجو ہلاک

ترک فوج منبج میں داخل، جھڑپ، 2 اہلکار اور 15 کرد جنگجو ہلاک
October 16, 2019
منبج (92 نیوز) شام کے شمال مشرقی حصے میں ترکی کے فوجی آپریشن کو دوسرا ہفتہ ہو گیا، ترکی کی فوج منبج میں داخل ہوگئی، کرد جنگجوؤں کیساتھ جھڑپ میں 2 ترک فوجی اہلکار جبکہ 15 جنگجو ہلاک ہو گئے۔ شام کے شمالی مشرقی حصے میں ترکی کا فوجی آپریشن بہارِ امن جاری ہے۔ ترکی وزارت دفاع کے مطابق سرحدی علاقے منبج میں ترد جنگجوؤں کے مارٹر حملے میں 2 ترک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ جس کے بعد ہلاک فوجیوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ جوابی کارروائی میں 15 کرد جنگجو بھی ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب شام اور ترکی کے درمیان  تصادم روکنے کیلئے روس میدان میں آگیا۔ روس کے نمائندہ خصوصی برائے شام  الیگزینڈر لیورین ٹیو کا کہنا ہے کہ روسی فورسز نے منبج  کے باہر پٹرولنگ شروع کردی۔ شام اور ترکی کے درمیان لڑائی کی اجازت نہیں دیں گے۔ دوسری جانب برطانیہ، فرانس، جرمنی، بیلجئم اور پولینڈ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا، جس میں شام کی حالیہ صورتحال پر گفتگو کی جائے گی۔ اگر اجلاس ہوتا ہے تو یہ شام پر ایک ہفتے کے دوران سکیورٹی کونسل کا دوسرا اجلاس ہوگا۔ دوسری جانب امریکی نائب صدر مائیک پینس کل ترکی کے دارالحکومت انقرہ جائیں گے جہاں وہ صدر طیب اردوان سے شام میں سیز فائر کرنے پر زور دیں گے۔