Tuesday, May 21, 2024

ترک صدر طیب اردوان کا پاکستان کیساتھ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لے جانیکا اعلان

ترک صدر طیب اردوان کا پاکستان کیساتھ تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک لے جانیکا اعلان
February 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کےساتھ تجارت کا حجم 5ارب ڈالر تک لے جانے کا اعلان کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ کاروبار دوست حکومت ہے سرمایہ کار دونوں ممالک کے قریبی تعلقات سے فائدہ اٹھائیں۔ اسلام آباد میں پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں اور موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ کاروبار دوست حکومت ہے، ترک سرمایہ کار ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ پاک ترک بزنس فورم سے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاک ترک باہمی تجارتی حجم اپنی صلاحیتوں سے کہیں کم ہے، پاکستان کیساتھ تجارت کو 5 ارب ڈالر تک لے جائیں گے، ہمیں دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینا چاہیے۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کےساتھ مختلف سطح پرتعلقات کوفروغ دے رہے ہیں، سی پیک منصوبے سے پاکستانی معیشت مضبوط ہوگی، ترکی کو بھی مشکل معاشی حالات کا سامنا تھا، عزم وہمت سےقابو پایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ترکی میں اعلیٰ علاج کی تمام سہولتیں میسر ہیں، پاکستانیوں کےعلاج کیلئےترکی کے دروازے کھلے ہیں۔