Thursday, April 25, 2024

ترک صدر طیب اردوان کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ، افغان امن عمل پر بات چیت

ترک صدر طیب اردوان کا وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ، افغان امن عمل پر بات چیت
July 27, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) ترک صدر طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں افغان امن عمل اور مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ترک صدر نے پاکستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کے کئی اہم شعبوں خصوصا اس سال جنوری میں وزیراعظم کے ترکی کے دورے کے بعد سے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

 انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر میں اسلام آباد میں پاکستان ترکی اعلی سطح کی سٹرٹیجک تعاون کونسل کے آئندہ اجلاس کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہو گا۔

 علاقائی تناظر میں وزیراعظم عمران خان نے صدر اردوان کو افغانستان میں امن ومفاہمت کیلئے عالمی کوششوں کی پاکستان کی طرف سے غیر متزلزل حمایت کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کو بھی اجاگر کیا۔