Friday, April 19, 2024

ترک صدر طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

ترک صدر طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے
February 13, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ ارکان نے معزز مہمان کا نور خان ایئر بیس پراستقبال کیا۔ وزیر اعظم خود  گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے ترک صدر کو ایوان وزیر اعظم لائے ۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے ترک ہم منصب کی ملاقات شام 7 بجے ہو گی۔ طیب اردوان کل پارلیمنٹ کے ‏مشترکہ اجلاس سے تاریخی خطاب کریں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں ۔ صدر اردوان کے ‏ساتھ کابینہ کے ممبران اور سینئر ‏سرکاری عہدیداروں سمیت ایک اعلی سطح وفد بھی ہو گا۔ ‏ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر ‏کے درمیان ون ٹو ون ‏ملاقات ہو گی۔ دونوں رہنما ملاقات کے بعد پاک ترکی اعلی سطحی ‏اسٹریٹجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس کی ‏صدارت کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ‏مشترکہ اعلامیہ اور متعدد اہم معاہدوں ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔ ترک صدر وزیر ‏اعظم عمران ‏خان کے ساتھ مل کر پاک ترکی بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب ‏کریں گے۔ ‏ ترک صدر اردوان صدر مملکت عارف علوی سے علیحدہ ملاقات کریں گے۔ ترک صدر ‏رجب طیب اردوان 14 ‏فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں ‏گے ۔ ‏دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں برادر ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ‏ثابت قدم رہنے والے ‏شراکت دار رہے ہیں۔ ترکی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ‏حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ صدر اردوان کا ‏دورہ دونوں ممالک کے مابین ‏روایتی یکجہتی اور وابستگی کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔