Thursday, April 18, 2024

ترک صدر رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے

ترک صدر رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے
February 12, 2020
 انقرہ (92 نیوز) ترک صدر رجب طیب اردوان 2 روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے۔ ترک کمپنیوں کے سربراہان اور چیف ایگزیکٹوز بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر 13 اور 14 فروری ‏کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ صدر اردوان کے ساتھ کابینہ کے ممبران اور سینئر ‏سرکاری عہدیداروں سمیت ایک اعلی سطح وفد بھی ہو گا۔ ‏ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر ‏کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہو گی۔ دونوں رہنما ملاقات کے بعد پاک ترکی اعلی سطحی ‏اسٹریٹجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ‏مشترکہ اعلامیہ اور متعدد اہم معاہدوں ایم او یو پر دستخط ہوں گے۔ ترک صدر وزیر ‏اعظم عمران خان کے ساتھ مل کر پاک ترکی بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب ‏کریں گے۔ ‏ ترک صدر اردوان صدر مملکت عارف علوی سے علیحدہ ملاقات کریں گے۔ ترک صدر ‏رجب طیب اردوان 14 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں ‏گے ۔ ‏دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں برادر ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ‏ثابت قدم رہنے والے شراکت دار رہے ہیں۔ ترکی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ‏حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے۔ صدر اردوان کا دورہ دونوں ممالک کے مابین ‏روایتی یکجہتی اور وابستگی کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو گا ۔