Sunday, May 19, 2024

ترقی کی بنیاد صرف بہتر طرز حکمرانی ہے، وزیراعظم

ترقی کی بنیاد صرف بہتر طرز حکمرانی ہے، وزیراعظم
February 11, 2019
دبئی ( 92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ترقی کی بنیاد صرف بہتر طرز حکمرانی ہے اور حکومت شفاف ہوئی تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔ دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک نظم و نسق بہتربنائے، احتساب یقینی اور بدعنوانی پر قابو پائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ریاست مدینہ کی طرح انصاف، انسانیت، میرٹ اور احتساب پر مبنی معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیۖ نے قانون کی حکمرانی قائم کر کے اور علم کے حصول پر زور دے کر پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ چین نے تیس برس میں اپنی سترکروڑ آبادی کو غربت سے نکالا۔ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے ملک کے انسانی سرمائے پر سرمایہ کاری پر یقین رکھتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم کاروبار کرنے میں آسانی، ٹیکس قوانین میں تبدیلی اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی جیسے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل کر کے پاکستان کوجدید خطوط پر ترقی دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہخوشی ہے اسلامی دنیا میں بھی اس طرح کی کانفرنس ہورہی ہے، 60 کی دہائی میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا تھا اور یو اے ای کی ایئرلائن کو پی آئی اے نے معاونت فراہم کی لیکن بدقسمتی سے پاکستان ترقی کی رفتار برقرار نہیں رکھ سکا۔ہم خیرات میں بہت آگے اور ٹیکس دینے میں بہت پیچھے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ جب لوگ اتنے اچھے ہیں توٹیکس کیوں اد انہیں کرتے کیوں کہ ماضی میں ٹیکس حکمرانوں کی عیاشیوں پرخرچ ہوتے رہے اور اسی لیے لوگ ماضی کی حکومتوں پراعتماد نہیں کرتے تھے اور ٹیکس نہیں دیتے تھے ، کرپشن سے ٹیکس کا پیسا چوری ہوتا ہے اس لیے اصلاحات مشکل ہیں مگر ضروری ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت شفاف ہوئی تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا، معاشی اصلاحات سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں لہذا دیگر سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ موقع ضائع نہ کریں اور پاکستان میں سیاحت کے سب سے زیادہ مواقع ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے پاکستان سے تعاون کو سراہتے ہیں اور ہم مالیاتی خسارہ کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں وسیع مواقع ہیں اور حکومت اس شعبے پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کو پیشکش کی کہ وہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھا کر پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ میں وعدہ کیا گیا کہ غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کا تحفظ کیا جائے ، زبردستی مذہب تبدیل نہیں ہوگا اور انسانی حقوق کا احترام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب، قانون کی حکمرانی اور غریبوں کی فلاح وبہبود ریاستی مشینری کی نمایاں خصوصیات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے اصلاحات ضروری ہیں اور حکومت اس پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مالی خسارہ میں کمی اور برآمدات کے فروغ کیلئے اپنی معاشی پالیسیوں کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔