Friday, April 19, 2024

ترقی کرنے کیلئے ذاتی عناد اور ذاتی مفاد پس پشت ڈالنا ہوگا ، آرمی چیف

ترقی کرنے کیلئے ذاتی عناد اور ذاتی مفاد پس پشت ڈالنا ہوگا ، آرمی چیف
September 7, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے ترقی کرنے کیلئے ذاتی عناد اور ذاتی مفاد پس پشت ڈالنا ہو گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہا تنقید برائے تنقید، نفرت اور عدم برداشت کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔ جمہوریت ہی پاکستان کی مضبوطی اور دفاع ہے۔ اب تعلیم، صحت، انفرااسٹرکچر اور کلائمیٹ چینج ترجیح ہونا چاہیے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کچھ لوگ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں۔ انتشار پھیلانے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹنا ہو گا۔ منفی عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس ارض پاک پر انتہا پسندی کی اب مزید کوئی گنجائش نہیں۔ کسی کو مذہب کے نام پر بلیک میل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ توقع کرتے ہیں افغانستان میں تمام فریقین کی نمائندہ حکومت قائم ہو۔ امید ہے خطے کی طاقتیں افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کریں گی۔ افغانستان میں صورتحال مزید خطرات اور مشکلات کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ہم افغان بھائیوں کے درد اور دکھ سے آگاہ ہیں۔ پاکستانی قوم اور افواج افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وطن سے محبت ذات پات سے بالاتر ہے، آزمائشوں پر ثابت کیا ہرحال میں ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ ملکی دفاع کے لیے ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دشمن اگر ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو ہمیں ہر دم تیار پائے گا۔

آرمی چیف نے پاکستان کے دشمنوں کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کشمیر میں 5 اگست کے غیرقانونی اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ ہر سطح پر کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔