Tuesday, April 16, 2024

ترسیلات زر میں اضافے سے متعلق اجلاس ، بیرون ملک سے بھیجی رقوم پر دی جانے والی مراعات پر تبادلہ خیال

ترسیلات زر میں اضافے سے متعلق اجلاس ، بیرون ملک سے بھیجی رقوم پر دی جانے والی مراعات پر تبادلہ خیال
July 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترسیلات زر میں اضافے سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بیرون ملک سے بھیجی رقوم پر دی جانے والی مراعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر خزانہ، وزیر برائے اقتصادی امور، مشیر تجارت، معاونین خصوصی برائے نیشنل سکیورٹی، ریونیو (محصولات) و دیگر سینئر حکام شریک ہوئے۔

 اجلاس میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کامیابی، ملکی برآمدات میں اضافے خصوصاً آئی ٹی سے متعلقہ برآمدات میں اضافہ، غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مختلف ممالک و اداروں سے دو طرفہ معاہدوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے متعلقہ معاملات پر تفصیلی غور ہوا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ترسیلات زر کی مد میں حکومت کی جانب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پرکشش مراعات دینے کی حکومتی پالیسی کے خاطر خواہ ثمرات برآمد ہو رہے ہیں۔ ۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مد میں صرف دس ماہ کے قلیل عرصے میں اب تک 1.561 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مالی سال 2018 سے اب تک کورونا وباء کے باوجود ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ سامنے آیا ہے جو کہ بیرون ملک پاکستانیوں کا موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا مظہر ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لئے "نیشنل ریمٹنس لائلٹی پروگرام"کا اجراء بھی جلد کر دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے ایک موبائل ایپلیکیشن متعارف کرائی جائے گی۔ ترسیلات زر بھجوانے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مزید مالی مراعات فراہم کی جائیں گی۔

 اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا بیرون ملک پاکستانی ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر کا ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ہے۔ وطن کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو سہولیات اور مراعات فراہمی کے لئے حکومت پرعزم ہے۔

 وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر کے ضمن میں مزید مراعات فراہم کرنے پر غور کیا جائے۔ معاشی ترقی اور بڑھتے ہوئے شرح نمو کو مد نظر رکھتے ہوئے زرمبادلہ و دیگر معاشی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مفصل و منظم منصوبہ بندی کی جائے۔ ترسیلات زر کے ضمن میں مختلف شعبوں میں مستقبل کے اہداف مرتب کرکے ان کے حصول کے حوالے سے حکمت عملی تشکیل دی جائے۔