Saturday, September 7, 2024

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سول اور ملٹری میں کوئی اختلاف ہے نہ تقسیم

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سول اور ملٹری میں کوئی اختلاف ہے نہ تقسیم
August 21, 2017

راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں  کہ سول ملٹری تعلقات  کے معاملے پر کوئی تقسیم نہیں۔ ڈان لیکس رپورٹ منظر عام پر لانا حکومت کا اختیار اور حقائق جاننا عوام کا حق ہے۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنی پریس بریفنگ میں ملکی سیاسی صورتحال پر کیے گئے صحافیوں کے جواب بھی بڑے ہی تحمل اور تفصیل سے دیے، سول ملٹری تعلقات کے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس معاملے پر کوئی تقسیم نہیں ہے۔

ڈان  لیکس کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے سوال پر میجر جنرل آصف غفور نے اسے حکومت کا صوابدیدی اختیار قراردیا۔

پاک فوج کے ترجمان نے چیئرمین سینٹ کےاداروں کے درمیان  ڈائیلاگ کے انعقاد کا بھی خیر مقدم کیا

کیا آرمی کسی نئے این آر و کی طرف جانے والے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج آئین کے تحت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

ڈی آئی ایس پی آر نے سابق صدر اور آرمی چیف جنرل مشرف  کے بیانات کو ان کی سیاسی اور سابق آرمی چیف کے طورپرمہارت قراردیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان کے پرچم جلانے والوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے دشمن قراردیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی انتھک کاوشیں رنگ  لے آئیں۔ مدرسہ تعلیم القرآن راولپنڈی میں عاشورہ محرم پردہشتگردی میں ملوث نیٹ ورک کو دھر لیاگیا۔ دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان باجوڑ سے ہے اور ان کا مقصد فرقہ وارانہ تقسیم کو ہوا دینا تھا۔