Thursday, April 18, 2024

ترجمان نون لیگ کا سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر شخص کے اثاثے سامنے لانے کا مطالبہ

ترجمان نون لیگ کا سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر شخص کے اثاثے سامنے لانے کا مطالبہ
June 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب نے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر شخص کے اثاثے سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا۔

ترجمان لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غنڈہ گردی اور نیب گردی کر کے ٹیکس ریوینیو میں اضافہ نہیں ہوتا ۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی کے بعد یہ نیا ہتھکنڈا اختیار کیا گیا ہے ۔ عوامی عہدیداروں کے اثاثہ جات تو پہلے ہی ظاہر ہوتے ہیں ۔ ایف بی آر کے پاس تمام ریکارڈ اور تفصیلات موجود ہیں۔ ایف بی آر سے یہ اختیار نیب کو دینے کے پیچھے کیا ایجنڈا ہے؟

ترجمان کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس قانون میں ترمیم کرکے سرکاری خزانے سے تنخواہ لینے والے ہر فرد کے اثاثے ظاہر کئے جائیں۔ تین سال میں نیب نیازی گٹھ جوڑ کی غنڈہ گردی نے ملک اور معیشت کو تباہ کیا۔ ایف بی آر افسران کا ٹیکس دہندگان کو گرفتار کرنے کا اختیار مکمل ختم کیا جائے ۔

معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ملک لوٹنے والے ٹیکس چھپانے والوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ ماضی میں ٹیکس دینے والوں کی حوصلہ افضائی نہیں کی گئی۔ قومی خزانے کو لوٹنے والوں نے ٹیکس چوروں کی پشت پناہی کی۔ 22 کروڑ آبادی میں سے صرف 1.3 فیصد ٹیکس فائل کرتے ہیں۔ ملک میں 30 لاکھ سے بھی کم ٹیکس فائلز ہیں۔