Wednesday, May 8, 2024

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کی آج "اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن" منانے کی پھر بھرپور حمایت

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کی آج "اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن" منانے کی پھر بھرپور حمایت
March 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ پاکستان زاہد حفیظ چودھری نے آج "اسلاموفوبیا کیخلاف عالمی دن" منانے کی پھر بھرپور حمایت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان یہ دن عالمی سطح پر منانے کیلئے او آئی سی کی کاوشوں کیساتھ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سب سے پہلے اسلاموفوبیا کیخلاف بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے آواز اٹھائی۔ او آئی سی کے 47 ویں وزارتی اجلاس میں پاکستان کی اسلاموفوبیا کیخلاف قرارداد منظور ہوئی۔ پاکستانی قرارداد پر 15 مارچ کو عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا منانے کی منظوری دی گئی۔ او آئی سی کی جدوجہد اربوں مسلمانوں کے جذبات کی عکاس ہے۔ پاکستان آج کا دن اسلاموفوبیا کیخلاف منانے کیلئے او آئی سی کیساتھ کھڑا ہے۔  او آئی سی گروپ اسلاموفوبیا کیخلاف 17 مارچ کو نیویارک میں خصوصی تقریب کا انعقاد کرے گا۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا اسلاموفوبیا کے باعث دنیا بھر میں مسلم اقلیتیں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ اسلاموفوبیا کے باعث پرامن دنیا اور بردبار مستقبل خطرے میں ہے۔ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر ثقافتوں اور تہذیبوں میں بہتر تعلق کیلئے کوشاں رہا۔ انہوں نے کہا یہ دن منانے کا مقصد اسلام اور اسلامی اقدار کی بہتر تفہیم پیدا کرنا ہے۔ ہم عالمی برادری کو ہم آہنگی اور تعاون کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ ہم پرامن بقائے باہمی، بین المذاہب اور ثقافتی ہم آہنگی کیلئے پرعزم ہیں۔