Saturday, April 27, 2024

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کر دیا

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو مسترد کر دیا
September 24, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بالا کوٹ میں دہشتگردی کے کیمپ کو فعال کرنے کا الزام بے بنیاد ہے ، یہاں  شدت پسندوں کا کوئی کیمپ موجود نہیں ،  بھارتی آرمی چیف کا بیان مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت سوزمظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت ان ہتھکنڈوں کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو گا ، جب کہ بھارت الزامات سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کو چھپا نہیں سکے گا۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی انتظامیہ کے کام میں سختی سے رکاوٹیں ڈالتا ہے ،بھارت کی متشدد بیانات اور اقدامات علاقائی امن  و استحکام کے لئے خطرہ ہیں ، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی غاصبانہ اقدامات نے قانون ، انسانی حقوق اور اقدار کی تمام حدین پھلانگ لیں ،ترجمان نے سوشل میڈیا پر پاکستانی مہم کیخلاف بے بنیاد پیغامات کو بھی مسترد کر دیا اور کہا کہ سوشل میڈیا پر جاری مہم جنیوا میں پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پوری کامیابی کیساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر  میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ،پاکستان کی کاوشوں سے 50 سے زائد ممالک نے مشترکہ بیان جاری کیا اور اس اہم دور میں کوئی ووٹنگ نہیں ہوئی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تمام ممالک نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو، تالا بندی ختم، طاقت خصوصا پیلٹ گنز کا استعمال بند کرنے کا مطالبہ کیا ، پاکستان،کشمیریوں کی مشکلات میں کمی کیلئے ہرممکن انداز میں اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کی ایک اور گیدڑ بھبکی سامنے آئی  تھی کہ  بار وہ بالاکوٹ سے آگے بھی جا سکتے ہیں ، انہوں نے کہا بالاکوٹ حملے کے بعد وہاں موجود لوگ دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں ۔ بپن راوت نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 500سے زیادہ دہشت گرد سرحد پار کرنے کے انتظار میں ہیں۔ رواں سال 26  فروری میں بھارتی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود میں در اندازی کی کوشش کی تھی مگر  پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی پر بھارتی طیارے بھاگ گئے  تھے ۔

بھارتی طیاروں کی دراندازی کی کوشش،جوابی کارروائی پر فرار، ‏آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آرنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی طیارے مظفرآبادسیکٹرمیں تین سے چار میل اندرآئے،پاک فضائیہ نے فوری اور بھرپورجواب  دیا ، بدحواس بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ کھلے میدان میں گراکر بھاگ گئے،واقعہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ بھارت کی جانب سے  پراپیگنڈا کیا گیا کہ پاکستان میں بالا کوٹ میں دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیے ہیں جن میں سینکڑوں شدت پسند مارے ہیں ۔ بھارتی طیاروں کی در اندازی کی کوشش کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں  بھارت کو براہ راست للکارتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے ۔

بھارت ہمارے ردعمل کا انتظار کرے، ڈی جی آئی ایس پی آر

اور  پھر اگلے ہی دن  27 فروری کو پاکستان نے   سرپرائز دیتے ہوئے دو بھارتی طیارے مار گرائے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ائیر فورس نے دو انڈین طیارے پاکستانی حدود میں مار ے ، ایک طیارے کا ملبہ آزاد کشمیر جب کہ دوسرے کا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دن کی روشنی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی۔

پاکستان ائیرفورس نے دو بھارتی طیارے مار گرائے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

روس کے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ  پاکستان کے ہاتھ باندھ کر بھارت کو کھلا نہیں چھوڑا جا سکتا ۔  بھارتی طیاروں نے 26 فروری کو بھارت کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پے لوڈ گرایا گیا ، اگلے روز پاک فضائیہ نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں چار ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

بھارتی طیارے جے ایف تھنڈر سے گرائے ، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا پاکستان نے عام آبادی کو نشانہ بنائے بغیر جوابی کارروائی کی، بتانا چاہتے تھے بھارتی اہداف نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایسی جگہ کا انتخاب کیا جہاں انفرا اسٹرکچر اور آبادی نہیں تھی۔

پاکستانی پائلٹ ایف16 اڑائے تو ابھی نندن کا مار گرانا ناممکن،عالمی دفاعی ماہرین

ترجمان پاک فوج نے ایف 16 کے ذریعے بھارتی طیارہ گرانے کی تردید کی ، ان کا کہنا تھا کہ انڈین جیٹ کو پاکستان میں تیارکردہ جے ایف 17 تھنڈر نے نشانہ بنایا، اس وقت ہماری پوری ایئرفورس فضا میں تھی، کارروائی کی وڈیو بھی موجود ہے۔