Friday, May 10, 2024

تربیلا ڈیم میں مٹی آ جانے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار بند ، ذرائع

تربیلا ڈیم میں مٹی آ جانے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار بند ، ذرائع
June 10, 2021

لاہور (92 نیوز) تربیلا ڈیم میں مٹی آ جانے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار بند ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق مٹی کی وجہ سے مشینری کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار 500 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 200 میگا واٹ اور طلب 25000 میگا واٹ ہے۔ پن بجلی ذرائع سے 4 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ سرکاری تھرمل پاور پلانٹ 3 ہزار 200 میگا واٹ بجلی  پیدا کر رہے ہیں ۔ نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 14 ہزار میگا واٹ ہے۔

ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا میں پانی کی سطح بلند ہونے پر پن بجلی کی پیداوار میں بہتری آنے لگی ہے۔ تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے دو مزید یونٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی۔ تربیلا سے نیشنل گرڈ کو بجلی کی فراہمی میں 672 میگاواٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت 2ہزار 30 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سٹی سرکل میں بھی تین سے چار گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ اسکولوں کے بچے بھی شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ سے متاثر ہو رہے ہیں۔ راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور آئیسکو کے خلاف احتجاج کیا۔ شہریوں نے واپڈا کا پول سڑک کے درمیان رکھ کر ٹریفک بلاک کر دی۔