Tuesday, April 23, 2024

ایف سی کا تربت اور مکران ڈویژن میں آپریشن ، غیرملکیوں سمیت 18 افراد بازیاب

ایف سی کا تربت اور مکران ڈویژن میں آپریشن ، غیرملکیوں سمیت 18 افراد بازیاب
November 21, 2017

تربت ( 92 نیوز ) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کے دوران مزید کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں ۔ ایف سی بلوچستان کے تربت اور مکران ڈویژن میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو کو گرفتار کر لیا گیا۔
آپریشن کے دوران پاکستانی، نائیجیرین اور یمنی باشندوں سمیت 18 مغوی بازیاب کرائے گئے۔ دہشتگردوں کی پناہ گاہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا ۔
ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان کو تربت اور مکران ڈویژن میں دو مختلف آپریشنز میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ تربت کے علاقے ٹمپ میں دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کے خلاف کامیاب کارروائی میں دو دہشت گرد گرفتار کرکے 18 مغوی بازیاب کرائے گئے ۔ جن میں دو پاکستانی جبکہ 16 غیر ملکیوں میں نائیجیرین اور یمنی باشندے شامل ہیں ۔ پناہ گاہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ۔
ایف سی بلوچستان کے مکران ڈویژن میں پنودی گاؤں میں کئے گئے آپریشن میں کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی ناصر محمود شہید جبکہ دو جوان زخمی ہوئے۔ مارے گئے دہشت گرد ایم 8 شاہراہ پر پل کی تباہی ، بارودی سرنگیں نصب کرنے اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ۔