Thursday, April 25, 2024

تربت کے علاقے تاجبان سے مزید 5 افراد کی گولیاں لگیں لاشیں برآمد

تربت کے علاقے تاجبان سے مزید 5 افراد کی گولیاں لگیں لاشیں برآمد
November 18, 2017

تربت (92 نیوز) بلوچستان میں دہشتگردوں کا ایک کے بعد ایک گھناؤنا وار، پھر پانچ ماؤں سے ان کے لعل ہمیشہ کیلئے جدا کر دیئے، پندرہ افراد کے قتل کا دکھ ابھی بھول نہ پائے تھا کہ تربت کے علاقے تاجبان سے مزید پانچ افراد کی لاشیں مل گئیں۔

لاشوں کو ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا، لیویز ذرائع کے مطابق پانچ میں سے تین افراد کی شناخت ہوگئی ہے، بابرمنیر، دانش علی اور عثمان قادر کا تعلق پنجاب کے ضلع گجرات سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔

تربت میں قتل ہونیوالے  5افراد کے گھروں میں صف ماتم بچھ چکی ہے۔ گھروں سے دور روزی کمانے والوں کے سیدھے  موت کی وادی میں سفر نے شر پسندوں کیلئے نفرتیں بڑھا دیں۔

رواں ہفتے تربت سے لاشیں ملنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل دور بلیدہ کے پہاڑی علاقے سے 15 افراد کی لاشیں ملی تھیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، یہ تمام افراد مزدور پیشہ تھے اور ان کا تعلق پنجاب سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تربت میں ایف سی کے خفیہ آپریشن کے دوران 15 افراد کے قتل مین ملوث دہشت گرد یونس توکلی مارا گیا۔ یونس توکلی  (بی ایل ایف) کے 8 بڑے کمانڈرز میں سے ایک تھا۔