Tuesday, April 23, 2024

تربت میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، 7 زخمی ہوگئے

تربت میں دھماکہ، ایک شخص جاں بحق، 7 زخمی ہوگئے
July 21, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے ضلع تربت میں موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ7 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے سے قریبی دکان میں آگ بھڑک اٹھی۔ بلوچستان کے ضلع تربت کے مین بازار میں زور دار دھماکے نے افراتفری مچادی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنی گئی جبکہ شدت سے آس پاس کے عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دہشت گردوں کی جانب سے دھماکہ خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کر کے اسے ایک آٹو ورکشاپ کے قریب کھڑا کیا گیا تھا۔ دھماکے سے آٹو ورکشاپ میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ زخمیوں کو فوری طورپر ڈسٹرکٹ اسپتال تربت منتقل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں تین کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جو دیسی ساختہ تھا اور اسے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا۔ دھماکے سے دو گاڑیوں اور دو موٹرسائیکل بھی مکمل طورپر تباہ ہو گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان اور صوبائی وزیر داضلہ میر ضیاء لانگو نے واقعہ پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران سے فوری طور پر رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال خان نے ہدایات دیں کہ زخمیوں کے علاج و معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔