Saturday, May 18, 2024

تربت میں 20مزدوروں کا قتل ، وزیر اعظم نے رپورٹ طلب کر لی

تربت میں 20مزدوروں کا قتل ، وزیر اعظم نے رپورٹ طلب کر لی
April 11, 2015
اسلام آباد(92نیوز)صدر مملکت اور  وزیر اعظم  نے تربت میں بیس مزدوروں کے قتل کے واقعہ کی  رپورٹ طلب  کر لی  جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق محنت کشوں کے ورثا کے لیے دس دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیاسی قیادت نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئےملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیاہے۔ وزیر اعظم نے واقعہ کو انسانیت سوز قرار دیا ہے اور صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ  بلوچستان  ڈاکٹرعبد المالک بلوچ گوادر کا دورہ مختصر کر کے تربت پہنچ گئےاورمزدوروں کے قتل پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ بلوچستان  حکومت نے جاں بحق افراد کے ورثا کو دس ، دس لاکھ روپے جبکہ زخمی مزدوروں کو پچاس پچاس ہزار روپے  امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیااور  واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری  امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، مولانا فضل الرحمن ،  اور الطاف حسین  سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کی  فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔