Sunday, September 8, 2024

تحفظ نسواں بل اسلام کی نفی، پنجاب میں سب سیاسی جماعتوں نے مل کر بل منظور کیا: مولانا فضل الرحمن

تحفظ نسواں بل اسلام کی نفی، پنجاب میں سب سیاسی جماعتوں نے مل کر بل منظور کیا: مولانا فضل الرحمن
March 12, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے موقع پر نیب کے ادارے کو ختم کرنے کی تجویز دی گئی جسے منظور نہیں کیا گیا۔ جنہیں نیب سے تکلیف ہے وہی لوگ شور مچا رہے ہیں۔ لاہور میں جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا عبیداللہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نیب آمر کا بنایا قانون ہے جسے سیاسی مخالفین پر استعمال کرنے لیے بنایا گیا تھا۔ جب ایسے ادارے بنیں گے تو تحفظات ہوں گے۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ نیب سے متعلق کیسز سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ قومی احتساب بیورو سے جس کو تکلیف ہے شور بھی وہی لوگ مچا رہے ہیں۔ نیب کو پورے ملک میں ایک جیسا اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ نسواں بل اسلام کی نفی ہے۔ اس بل پر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نہیں وزیراعظم نوازشریف کے نوٹس کا انتظار ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مغرب کے ایجنڈے پر سب ایک ہو جاتے ہیں، پنجاب میں سب سیاسی جماعتوں نے مل کر بل منظور کیا ہے۔ پندرہ مارچ کو دینی جماعتوں کا اہم اجلاس لاہور میں ہو گا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کبھی مستحکم نہیں رہی اب سیاستدانوں کے نرم رویے کی بدولت حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ سیاستدانوں کی برداشت کی بدولت تیسری قوت کو موقع نہیں مل سکتا۔