Friday, September 20, 2024

تحفظ دیا جائے تو کئی رہنما ایم کیو ایم چھوڑ دینگے : نبیل گبول

تحفظ دیا جائے تو کئی رہنما ایم کیو ایم چھوڑ دینگے : نبیل گبول
March 5, 2016
کراچی (92نیوز) سابق ایم این اے نبیل گبول کا کہنا ہے کہ مصطفی کمال الطاف حسین کے بعد ایم کیو ایم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ اگر سکیورٹی دی جائے تو ایم کیو ایم کو کئی لوگ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق ایم این اے نبیل گبول نے نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام نائنٹی ٹو ایٹ ایٹ میں مصطفیٰ کمال کے ایم کیو ایم کے قائد پر لگائے گئے الزامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے پارٹی کے نام کا اعلان نہیں کیا۔ وہ مستقبل میں ایم کیو ایم کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ نبیل گبول کا کہنا تھا کہ الزامات انتہائی سنگین ہیں۔ بیس سال تک ”را“ کی فنڈنگ والی جماعت کو برداشت کرتے رہے۔ اب وزیراعظم نواز شریف کو چاہیے کہ وہ تحقیقات کے لئے فوری طور پر کمیشن قائم کریں۔ سابق ایم این اے نبیل گبول نے عندیہ دیا کہ وہ‘ عشرت العباد، مصطفیٰ کمال اور شیخ رشید مستقبل میں اکٹھے بیٹھ سکتے ہیں۔ نبیل گبول نے الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ اتنے سنگین الزامات کے بعد فوری ایکشن لے اور ”را“ سے فنڈ حاصل کرنے والی سیاسی جماعت کو بین کر دے۔