Friday, April 26, 2024

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے
November 20, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کر گئے۔ خادم حسین رضوی طویل عرصے سے علیل تھے۔ نمازجنارہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہفتے کو صبح دس بجے ہو گی۔ ذرائع کے مطابق بخار اور سانس میں تکلیف کی شکایت پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ خادم حسین رضوی کی میت اسپتال سے ان کے گھر منتقل کر دی گئی۔ خادم حسین رضوی کا تعلق پنجاب کے ضلع اٹک سے تھا۔ وہ حافظ قرآن ہونے کے علاوہ شیخ الحدیث تھے اور فارسی زبان پر بھی عبور رکھتے تھے۔ خادم رضوی اپنے بیانات میں اکثر اقبال کی شاعری پڑھتے اور ان کا تذکرہ کرتے تھے۔ انہوں نے جہلم و دینہ کے مدارسِ دینیہ سے حفظ و تجوید کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد لاہور میں جامعہ نظامیہ رضویہ سے درس نظامی کی تکمیل کی۔ خادم حسین رضوی سیاست میں آنے سے قبل لاہور میں محکمہ اوقاف کی مسجد میں خطیب تھے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا دین کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا مرحوم سچے عاشق رسول تھے،عقیدہ ختم نبوت کے لیے انکی گراں قدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے خادم حسین رضوی کے انتقال پر اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔