Thursday, May 9, 2024

تحریک لبیک سے معاہدے پر عملدرآمد مکمل، سعد رضوی رہا

تحریک لبیک سے معاہدے پر عملدرآمد مکمل، سعد رضوی رہا
November 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی کو رہا کردیا گیا، انکی رہائی حکومت کیساتھ معاہدے کی اہم ترین شقوں میں شامل تھی ۔حافظ سعد حسین رضوی جیل سے گھر پہنچ گئے۔

حافظ سعد حسین رضوی کوٹ لکھپت جیل سے تحریک کے مرکز مسجد رحمت اللعالمین لاہور پہنچے جہاں کارکنوں نے انکا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ 
وزیرقانون پنجاب راجا بشارت کاکہنا ہے پنجاب حکومت نے معاہدے کے تمام نکات پرعمل کردیا۔ امید ہے دوسری طرف سے بھی ذمہ دارانہ طرزعمل کا مظاہرہ ہوگا، حافظ سعد رضوی کا کیس فیڈرل ریویو بورڈ کے پاس  تھا اور بورڈ نے ہی انکی رہائی کا فیصلہ کیا، اگر کسی کی رہائی سے امن قائم ہورہا ہے تو یہ بہتر ہے۔ 
تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز چودھری کا کہنا ہے سعد رضوی کی رہائی خوش آئند ہے۔ پہلی فرصت میں سعد رضوی سے ملاقات کرنے  کیلئے جائوں گا، امید کرتے ہیں سعد رضوی ملکی سیاست میں مثبت کردار ادا کریں گے۔
حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان معاہدے کے ضامنوں میں شامل مولانا بشیر فاروقی اور معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی نے 92نیوز سے گفتگو میں سعد رضوی کی رہائی کو خوش آئند قراردیا۔ 
تحریک لبیک پاکستان نے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کیلئے حکومت کو 20 اپریل 2021تک کا وقت دیا تھا، اور مطالبہ پورا کی صورت میں ملک گیر مظاہروں اور احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ 
حکومت نے ممکنہ مظاہروں کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے حافظ سعد رضوی کو 11 اپریل 2021کو لاہور سے
حراست میں  لیا تھا۔