Friday, April 26, 2024

تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا 17 ویں روز بھی جاری ، شرکا مطالبات پر قائم

تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا 17 ویں روز بھی جاری ، شرکا مطالبات پر قائم
November 22, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) تحریک لبیک پاکستان کا دھرنا سترہویں روز بھی جاری رہا ۔ شرکا اپنے مطالبے پر بدستور قائم ہیں جبکہ انتظامیہ نے رکاوٹیں بڑھا کر شہریوں کو کڑے امتحان میں ڈال دیا۔ وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے پر ڈیڈلاک بھی بر قرار ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کے شرکا کا جوش و جذبہ ذرا کم نہیں ہوا۔ دھرنے کے شرکا لبیک یا رسول اللہ کی صدائیں بلند کرتے رہے اور تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ سخت سردی میں بھی جذبہ ایمانی سے سرشار شرکا اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔
اسلام آباد دھرنے کے شرکا اور پولیس میں آنکھ مچولی جاری رہی ۔ پتھراؤ سے ایس پی عامر نیازی زخمی ہو گئے ۔ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری طلب کرنا پڑی ۔
اسلام آباد کے پوش رہائشی علاقے آئی ایٹ میں تعینات پولیس اہل کاروں اور دھرنا مظاہرین کے درمیان دن بھر آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ۔مظاہرین کے پتھراؤ سے دو سپاہی اور ایس پی عامر نیازی زخمی ہو گئے ۔ اس دوران پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ۔
مظاہرین کے پتھراو سے رہائشی علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے ۔ ادھر مولانا خادم حسین رضوی کو واقعہ کا علم ہوا تو انہوں نے دھرنے کے شرکا کو پتھراو اور سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے سے منع کر دیا ۔
گزشتہ روز سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر غلام نظام الدین جامی نے دھرنا قائدین سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں حکومت کو لچک کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تھا تاہم اب تک حکومت نے مذاکرات میں ڈیڈلاک کو دور کرنے کے لئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے بھی دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے 23 نومبر کو جواب طلب کر رکھا ہے۔