Friday, April 26, 2024

تحریک عدم اعتماد میں  پارٹیوں سے دغا کرنیوالے پکڑے نہ گئے

تحریک عدم اعتماد میں  پارٹیوں سے دغا کرنیوالے پکڑے نہ گئے
January 11, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد  میں پارٹیوں سے دغا کرنے والے ارکان 120 دن سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود سامنے نہ لائے جا سکے ،  استعفوں پر فیصلہ ہوا نہ ہی فیکٹ فائینڈنگ کمیٹیوں کی رپورٹس منظرعام پر آ سکیں۔ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پارٹیوں سے دغا کرنے والے ارکان کا سراغ  نہ  مل سکا ، سیاسی جماعتوں نے 14 ارکان کے معاملے پر چپ سادھ لی ، اپوزیشن جماعتیں دھوکہ دینے والے 14 ارکان کے نام سامنے نہ لا سکیں۔تحریک کی ناکامی کے بعد پیپلز پارٹی کے تمام ارکان نے استعفی بھی پارٹی قیادت کو جمع کرائے۔ سابق صدر آصف زرداری سمیت اپوزیشن رہنماوں نے ارکان کے نام منظرعام پر لانے کا اعلان کیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے ارکان کا سراغ لگانے کے لئے فیکٹ فائینڈنگ کمیٹیز بھی بنائیں تھی  ، پیپلز پارٹی کی فیکٹ فائینڈنگ کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوئے۔پیپلز پارٹی  رہنما نیر بخاری کے مطابق  کمیٹی نے اپنا کام مکمل کر کے رپورٹ تیار کرلی ہے  جوکنوینر یوسف رضا گیلانی کے پاس ہے۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق نے  رانا مقبول کی سربراہی میں کمیٹی بنائی تھی ،  اپوزیشن لیڈر  کے مطابق رانا مقبول نے معاملے سے متعلق شہباز شریف کو آگاہ کردیا ہوگا۔ مسلم لیگ ن معاملے کی تحقیقات کے لئے مشترکہ کمیٹی بنانا چاہتی تھی۔ پیپلز پارٹی کے اعتراض کے بعد جماعتوں نے الگ الگ کمیٹیاں قائم کیں۔